ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈیشہ ریل حادثہ بہت سنگین، جانچ میں اگر کوئی قصوروار پایا گیا تو اسے بخشا نہیں جائے گا:وزیراعظم مودی

اڈیشہ ریل حادثہ بہت سنگین، جانچ میں اگر کوئی قصوروار پایا گیا تو اسے بخشا نہیں جائے گا:وزیراعظم مودی

Sun, 04 Jun 2023 11:14:07    S.O. News Service

نئی دہلی/بالاسور, 4/جون (ایس او نیوز/یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں جمعہ کی شام ہونے والے المناک ٹرین حادثے کو 'انتہائی سنگین' قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے اور جو بھی جانچ میں قصوروارپایا جائے گا اسے بخشا نہیں جائے گا- جائے حادثہ پر امدادی کاموں کا جائزہ لینے اور اسپتال میں داخل زخمیوں سے ملاقات کے بعد بالاسور میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حادثے سے سبق سیکھ کر شہریوں کی حفاظت کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا-مسٹر مودی نے افسروں کو زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کی ضروریات کا پورا خیال رکھنے کی ہدایت دی اور کہا کہ سوگوارکنبوں کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئے -

اڈیشہ کے بالاسور میں بہنگا بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 288 ہو گئی ہے اور 1000 سے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 56 کی حالت تشویشناک ہے -وزیراعظم نے کہا کہ حادثے کی مناسب اور تیز چھان بین کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف تیزی سے سخت کارروائی کی جائے گی-غم کی اس گھڑی میں اہل خانہ کیلئے دعا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم ان واقعات سے بھی بہت کچھ سیکھیں گے اور شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے انتظامات کو مزید آگے بڑھائیں گے - وزیراعظم نے کہا کہ ان ٹرینوں میں سفر کر رہے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اس زبردست حادثے سے متاثر ہوئے ہیں - جانوں کے اتلاف پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد مہیا کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی- انہوں نے کہا کہ حکومت ان سوگوار کنبوں کے ساتھ کھڑی ہے، جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے -

انہوں نے اڈیشہ سرکار، مقامی انتظامیہ اور مقامی افراد خصوصاً نوجوانوں کی تعریف کی، جنہوں نے وہاں جاری کاموں میں رات بھر مدد کی- انہوں نے مقامی شہریوں کی کوششوں کو سراہا، جو زخمیوں کی مدد کیلئے خون کا عطیہ دینے بھاری تعدا د میں سامنے آئے -انہوں نے کہا کہ ریلویز بچاؤ اور راحت کے کاموں کے ساتھ ساتھ پٹریوں کی فوری بحالی کے لئے سرگرم ہے - مقامی حکام آفات میں راحت فراہم کرنے والی فورسیز کے عملے اور ریلوے افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے حادثے کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لئے حکومت کے جامع اور مربوط طریقہ کار پر زور دیا- وزیراعظم مودی نے اڈیشہ کا دورہ کر کے بالاسور میں ٹرین کے المناک حادثے کے بعد وہاں جاری بچاؤ اور راحت کارروائیوں کا جائزہ لیا- وزیراعظم ریل حادثے کے مقام پر گئے اور اسپتال جا کر زخمیوں کی مزاج پرسی کی-


Share: